اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)احتساب عدالت کے باہر رینجرز کی تعیناتی کیلئے چیئرمین نیب کا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ،غیر متعلقہ افراد کے عدالت میں داخلے سے متعلق ہدایات جاری کردیں، احتساب عدالت کی کاز لسٹ
میں اسحاق ڈار اور شریف خاندان کے کیسز سب سے اوپر رکھنے کی بھی ہدایت، معروف صحافی صابر شاکر کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی صابر شاکر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے احتساب عدالت میں ہونے والی ہلڑ بازی اور ہاتھا پائی کا نوٹس لے لیا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ احتساب عدالت جو کہ جوڈیشل کمپلیکس میں واقع ہے کے علاقے میں دفعہ 144نافذ کی جائے اور احتساب عدالت کے باہر رینجرز تعینات کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو احتساب عدالت سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے غیر متعلقہ افرادکے عدالت میں داخل ہونے سے متعلق بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ نیب ملازمین اور کارروائی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ صابر شاکر کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب نے احتساب عدالت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم اور مدعی سے کئے جانیوالے سلوک میں فرق رکھا جائے جبکہ انہوں نے احتساب عدالت کی کازلسٹ میں اسحاق ڈار اور شریف خاندان کے کیس سب سے اوپر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔