اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی کا کسی مقدمے میں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘ حکومت سرکاری ادارے بیچ کر قرض لے رہے ہے‘ احتساب عدالت لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا فیصلہ کرے‘ (ن) لیگی حکومت ملک کو غربت کی
گہرائی میں چھوڑ کر جائے گی‘ پاکستان میں مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان کے اثاثے فروخت کرکے قرض لیا جارہا ہے۔ پاکستانی اداروں کی لوٹ سیل کا لنڈا بازار لگا دیا گیا ہے۔ (ن) لیگی حکومت ملک کو
غربت کی گہرائی میں چھوڑ کر جائے گی یہ لوگ پاکستان کو برباد کررہے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت مہنگائی آسمان پر ہے یہ لوگ مہنگائی کو ساتویں آسمان پر لا کر چھوڑیں گے۔ وفاقی کابینہ نے لوٹ سیل کا میلہ لگایا ہوا ہے حکومت سرکاری ادارے بیچ کر قرض لے رہے ہیں۔ احتساب عدالت لوٹی ہوئی
دولت واپس لانے کا فیصلہ کرے عمران خان کے خلاف کسی مقدمے میں نااہلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔