لاہور( این این آئی )وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔3گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ صحت عامہ کے شعبے میں جاری اصلاحاتی پروگرام پر نمایاں پیشرفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مقرر کردہ اہداف کو مقررہ مدت میں حاصل کرنا ضروری ہے ۔
پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کے باعث ایمونائزیشن کی شرح 85فیصد تک پہنچ چکی ہے اورعالمی اداروں کی جانب سے ایمونائزیشن کی شرح میں اضافے کا اعتراف شعبہ صحت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے کہاکہ دیہات میں ایمبولینس سروس شروع ہونے سے خواتین کو سہولت ملی ہے اورجنوری تک دیہات میں ایمبولینسوں کی تعداد 450تک بڑھا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے دیہی وبنیادی مراکز صحت کے لئے ایک ہزار الٹراساؤنڈ مشینیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے فلٹر کلینکس بنانے کا آغاز کردیا گیاہے اوران فلٹر کلینکس پر مفت ادویات اور ٹیسٹ کی سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ان کے گھروں میں ادویات کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیاہے اور اس پروگرام کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جا رہاہے۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ہیپاٹائٹس کے موذی مرض سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر او رعلاج کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے سینٹرل نظام کے تحت معیاری ادویات کی خریداری یقینی بنائی ہے۔ دیہی وبنیادی مراکز صحت پر بھی آئندہ ادویات ٹی سی ایس کے ذریعے بھجوانے کا پروگرام وضع کیا گیاہے،اسی طرح پنجاب حکومت نے طبی ٹیسٹوں کے لئے 2جدیدسینٹرل لیبز بنانے کا فیصلہ کیا ہے
جن میں سے ایک لیب لاہور او ردوسری ملتان میں بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تحصیل و ڈسٹرکٹ ہسپتالو ں میں جینٹوریل خدمات کو آؤٹ سورس کرنے کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں اور ہسپتالوں میں دیگر سہولتوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شعبہ صحت میں اصلاحات لاکر عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔صحت عامہ کے شعبے میں درست سمت میں سفر شروع کر دیا ہے۔سفر طویل ہے
لیکن ہم نے ٹیم ورک کے طور پر کام کر کے اہداف کو حاصل کرناہے اورعوام کی توقعات کو ہر صورت پورا کرنا ہے۔وزیراعلی نے صوبائی وزراء صحت ، سیکرٹریز صحت اور متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک کو علاج معالجے کے لئے معیاری ہسپتال بنانے پر ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر اور ایم ایس سلطان محمود کو شاباش دی ۔انہوں نے کہاکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے انتظامی افسروں اور ایم ایس کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔
برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے ڈیفڈ کے منیجنگ پارٹنر سر مائیکل باربر نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صحت عامہ کے شعبے میں جاری اصلاحاتی پروگرام میں نمایاں اور متاثرکن کارکردگی دکھائی ہے۔عالمی اداروں کی جانب سے بھی پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ پر انتہائی تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا گیاہے۔
وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں جس سپیڈ سے عملدرآمد ہورہاہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلی کی پوری ٹیم انتہائی محنت کے ساتھ کام کررہی ہے اوروزیراعلی کا عزم اورجذبہ قابل تعریف ہے۔برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے ڈیفڈ کے منیجنگ پارٹنر سر مائیکل باربر ،پاکستان میں ڈیفڈ کی سربراہ جوانا ریڈ،ہیلتھ روڈ میپ ٹیم کے اراکین ،صوبائی وزراء رانا ثنا ء ا للہ ،خواجہ عمران نذیر،ملک مختار احمد بھرت،مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،طبی ماہرین اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔