اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مفتی سجاد نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، تفصیلات کے مطابق نوشہرہ سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سابق رہنما مفتی سجاد تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مفتی سجاد کی تحریک انصاف میں شمولیت پر ان کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا، عمران خان سے ملاقات میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سابق رہنما مفتی سجاد نے تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
جمعیت علماء (ف) کے رہنما مفتی سجاد نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں تحریک انصاف میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ کہا کہ پوری قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ ایک مومن کی نشانی ہے کہ جو راستہ اپنے لیے پسند کرے وہ سب کے لیے پسند کرتا ہے، میں کہتا ہوں کہ پوری قوم اور قوم کا ہر طبقہ آئے اور عمران خان کی حمایت کرے، پاکستانیوں کو جرات مند قیادت کی ضرورت ہے، پوری قوم اگر کسی کا تعلق تحریک انصاف سے ہے یا نہیں کو عمران خان سے قلبی تعلق ہے، ایک لگاؤ ہے،ان پر ایک اعتماد ہے، اگرچہ میں تحریک انصاف میں آج آیا ہوں مگر میں نے تحریک انصاف سے باہر رہ کر محسوس کیا کہ اگر کوئی عمران خان کا مخالف بولتا بھی ہے تو اس کا دل اس کا ساتھ نہیں دیتا، ان کا ایک کردار ہے یہ قوم کے دلوں پر راج کرتے ہیں، قوم آگے بڑھ کر عمران خان کا ساتھ دے، جس طرح انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کا پیچھا کیا اور ان کی کرپشن بے نقاب کی، اسی طرح پورے ملک سے کرپشن کاخاتمہ کریں گے ، میں نے تحریک انصاف میں آنے سے پہلے ان کے انٹرویو اور جلسے یو ٹیوب پر دیکھے تاکہ میں ان کو سمجھوں، انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے تبدیلی کے نعرے سے متاثر ہو کر اس جماعت میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تعلیم، صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کریں گے اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ بھی کریں گے۔