اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر شکست کے بعد اب عدلیہ اور اداروں کے حوالے سے آئین میں ترمیم لانا چاہتی ہے ، یہ انکشاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دبئی ائیرپورٹ سے جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر شکست کے بعد حکومت اب آئین میں عدلیہ اور اداروں سے متعلق پارلیمنٹ میں اپنی اکثریتی
برتری کی بنیاد پر مزید ترامیم لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا حکومت غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا جاگتے رہنا کیونکہ اکتوبر کا یہ مہینہ اہم ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستانی قوم کو خبردار کر دیا ہے تاکہ وہ اس موقع پر بیدار قوم کا ثبوت دے جب حکومت آئین میں ترمیم کرے کیونکہ یہ ترمیم ملک اور قوم کیلئے بلکہ حکمران اپنی ذات کیلئے کر رہے ہیں۔