اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) ختم نبوت قانون کے حوالے سے حکومت سازش کا شکار ہوئی، کس نے سازش کی اور ٹائپنگ میں غلطی کیسے ہو گئی؟سپیکر صاحب غلطی کا اعتراف کرنے سے بات نہیں بنے گی، معاملے
کی تحقیقات کرا کے اصل بات قومی کے سامنے لائی جائے۔ان خیالات کا اظہار ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف ہونے والی یہ سازش اگر بے نقاب نہیں ہوتی تو پھر حکو مت کو کسی سے گلہ شکوہ کرنے کی ضرورت نہیں، ختم نبوت قانون کے حوالے سے حکومت کے خلاف سازشی کی گئی ۔ یہ سازش کرنے والا کون ہے اور ٹائپنگ میں غلطی کیسے ہو گئی ، یہ وہ سوالات ہیں جن کے جوابات قوم کے سامنے آنے چاہئیں۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر صاحب! غلطی کا اعتراف کرنے سے بات نہیں بنے گی حقائق سامنے لانا ہونگے۔ ختم نبوت میرے ایمان کا حصہ ہے اس پر کوئی دوسری رائے قبول نہیں۔ حنیف عباسی نے شیخ رشید کے انتخابی اصلاحات ترامیم میں ختم نبوت فارم پر بیانات کے حوالے سے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جس وقت پوری دنیا میں ناموس رسالت پر حرف آیا اس وقت دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح ہم بھی سراپا احتجاج تھے ۔ ڈنمارک میں توہین رسالت پر مبنی کارٹون شائع ہونے پر جب ہم ڈنمارک کے خلاف مری روڈ پر احتجاج کر رہے تھے تو اس وقت شیخ رشید نے ہم پرپولیس کے ذریعے ڈنڈے برسائےاور جیل بھجوایا۔