لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ٹولہ جو مرضی کر لے ذلت اور رسوائی ان کا مقدر بن چکی ہے ،موجودہ حکمران اپنی مرضی کی قانون سازی کر کے ملک میں اپنی بادشاہت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نا اہل قرار دینے والوں کا خواب چکنا چور ہو گیا ، بنی گالہ کیس میں ساڑھے چھ
لاکھ ڈالرز کی منی ٹریل تھی جس میں سے ساڑھے پانچ لاکھ ڈالر کی منی ٹریل سپریم کورٹ میں دے ہیں بقیہ منی ٹریل جمع کرادی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر انگلی اٹھانے والوں کی سیاست اپنی موت مر چکی ہے اور اپنے انجام سے انہوں نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا ۔انہوں نے مز ید کہا کہ عمران خان کے خلاف پروپیگنڈا منصوبہ بندی کے تحت کیا جارہا ہے، ملک کے سب سے بڑے مجرم سے عمران خان کا موازنہ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ،
سب سے پہلے عمران خان نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاناما میں جائیدادیں بنائی گئیں، جس کا انکشاف ہوا، ججز اور فوج کیخلاف بھی نواز شریف ٹولہ پلان کے مطابق پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔(ن) لیگ اور شاہد خاقان عباسی کا کام ایک مجرم کی چوری چھپانا ہے، ملک میں نئے انتخابات کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، مسلم لیگ (ن) چوری بچانے کو جمہوریت بچانا کہتی ہے، الیکشن اصلاحات بل روکنے کی کوشش کریں گے، اس کے لئے عوام اور عدالت میں جائیں گے۔