اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی پیشی کے موقع پر رینجرز کو اختیارات دینے کا پتہ چلانے کے لئے سر جوڑ لئے‘ وفاقی سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا معاملے کی خود انکوائری کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیش کے موقع پر رینجرز کی طرف سے وزیر
داخلہ احسن اقبال اور دیگر وفاقی وزراء اور (ن) لیگی رہنماؤں‘ وکلاء اور صحافیوں کو جوڈیشل کمپلیکس داخل ہونے سے روکنے کے معاملے کی انکوائری وفاقی سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا خود کررہے ہیں اور اس بات کا پتہ چلایا جارہا ہے کہ رینجرز کو کس نے بلایا اور اختیارات کس نے دیئے اور بالخصوص وفاقی وزراء اور (ن) لیگی رہنماؤں کو گیٹ پر روکنے کا حکم کس نے دیا
تھا۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کو پولیس کی معاونت کے لئے معمول کے مطابق طلب کیا تھا۔ سکیورٹی انتظامات اور سکیورٹی کا ایس او پی رجسٹرار احتساب عدالت کی مشاورت سے تیار کیا گیا تھا تاہم اس بات کو معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس کی سکیورٹی کو اپنے ہاتھ میں لینے اور لوگوں کو عدالت کے اندر آنے جانے سے روکنا کا حکم رینجرز کو کس نے دیا تھا۔