اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)متعدد نوٹس جاری ہونے کے باوجود مریم نواز، حسن، حسین اور کیپٹن صفدر نیب عدالت پیش نہ ہوئے، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عدالت نے شریف خاندان کو عدالت میں حاضری کے لئے متعدد نوٹس جاری کئے تھے لیکن جس پر کوئی بھی نیب عدالت میں پیش نہیں ہو سکا تاہم عدالت نے آج کی پیشی می ںسابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، صاحبزادوں حسین نواز، حسن نواز سمیت کیپٹن صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کر دئیے ہیں اور سماعت 9اکتوبر تک ملتوی کر تے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اگر 9اکتوبر کو شریف خاندان عدالت پیش نہ ہوا تو اسے اشتہاری قرار دیدیا جائے گا۔ عدالت میں شریف خاندان کی جانب سے موقف اپناتے ہوئے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ مریم نواز، حسن، حسین اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی علالت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان پر فردجرم عائد نہیں ہو سکی جبکہ انہیں بھی احتساب عدالت نے 9اکتوبر کو دوبارہ طلب کیا ہے۔