راولپنڈی (این این آئی)صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے محرم الحرام کے دوران ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے لئے
تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ اور باہمی اخوت کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فورسز کا مورال بلند رکھنا ہمار ا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزاور انتظامیہ باہمی تعاون سے حکومت پنجاب کی طرف سے سیکیور ٹی کے سلسلے میں جاری ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے یہ بات کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ ڈویثرنل کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ، میئر راولپنڈی سردار نسیم خان،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ملک ابرار ، لبنی ریحان ، ثوبیہ ستی ،تحسین فواد، زیب النساء اعوان،مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر جمال ناصر، حاجی پرویز خان، کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل ،آر پی اووصال فخر سلطان ،سی پی اواسرار عباسی، سٹی ٹریفک آفیسر یوسف علی شاہد کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔جبکہ اٹک , جہلم اور چکوال کے ڈی سی، ڈی پی اوز اور عوامی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میںشرکت کی۔راجہ اشفاق سرورنے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لئے سیکیورٹی فورسز، انتظامیہ ، پولیس ،ضلعی اور سب ڈویژن کی سطح پر تمام
متعلقہ ادارے فوکس رہ کر اپنے علاقوں میں عزاداری جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد کے لئے حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں او رکسی کو بھی موقع فراہم نہ کیا جائے کہ وہ محرم الحرام کے دوران اپنے مذموم مقاصدمیں کامیاب ہو سکے۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ جلوسوں کے انٹری پوائنٹ پر واک تھرو گیٹ کے علاو ہ ہر شخص کی مکمل باڈی سرچ کے عمل کو بھی یقینی بنایا
جائے۔ انہوں نے محرم کے جلوسوں اور مجالس کے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ جلوس کے روٹس اور پابندی وقت کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے اینٹی ڈینگی مہم پر کام کرنے والے تمام متعلقہ اداروں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ سب کی دن رات کی کوششوں کے نتیجے میں راولپنڈی میں ڈینگی پر قابو پانے میں کامیابی ہوئی اور آئندہ بھی اسی لگن سے یہ مہم جاری و
ساری رکھی جائے۔ صوبائی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے باہمی رابطوں کو موثر بنایا جائے اور مقامی انتظامیہ سے رابطے سے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ کے جلوسوں کے راستے میںایمبولینس، پیرامیڈیکل سٹاف ، فائربریگیڈ،اور بلڈ بنک میں خون کی موجودگی کو
یقینی بنایا جائے۔تمام ہسپتالوں میں ہائی الرٹ کے ساتھ ساتھ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں اور ضلع اٹک میں دیگر انتظامات کے ساتھ ساتھ ہیوی مشینری کابھی انتظام کیا جائے۔۔ ملک ابرار احمد ایم این اے نے اجلاس کے دوران انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے عاشورہ محرم کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کو سراہا اور کہا کہ پشاور روڈ اور جھنگی سیداں میں گیارہ محرم تک
سیکیورٹی کو الرٹ رکھا جائے ۔ کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے جاری ایس او پیز کے مطابق ڈویژن کے تمام اضلاع اور سب ڈویژن کی سطح پر محرم الحرام کے دوران مانیٹرنگ کے انتظامات کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیںجہاں پر جلوس کے تمام روٹس کو کیمرہ کے ساتھ
کور کیا گیا ہے۔ آر پی او،اور سی پی او راولپنڈی نے اجلاس کو بتایا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔جلوسوں کے راستوں کے گرد خار دار تاریں ،واک تھرو گیٹ اور سیکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔جلوس اور مجالس میں بغیر
چیکنگ کوئی شخص داخل نہیں ہو گا ۔ انہو ںنے کہا کہ جلوسوں کے مقررہ روٹس کی پابندی یقینی بنائی جائے گی،واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ساتھ ساتھ مکمل فیزیکل سر چ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔