اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس (کل) پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا ،اجلاس میں الیکشن بل 2017منظور کئے جانے کا امکان ہے ، حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ احتجاج کا بھرپور جواب دینے اور کورم کم ہونے کی خفت سے بچنے کیلئے لیگی ارکان کو ہر صورت اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایت کردی ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا ہنگامہ
خیز اجلاس کل پیر کو شام 5بجے سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا ۔اجلاس میں سینیٹ کی جانب سے الیکشن بل 2017ترامیم کے ساتھ منظور کرنے کے بعد دوبارہ منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ۔دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن بل 2017کی شدید مخالفت کرنے اور ایوان میں احتجاج کی حکمت عملی طے کر لی ہے تو دوسری جانب حکومت نے اپوزیشن کے احتجاج کا موثر جواب دینے کی بھی حکمت عملی طے کر لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اجلاس میں کورم کی خفت سے بچنے اور الیکشن بل کو ہر صورت منظور کروانے کیلئے اپنے تمام ارکان قومی اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کردی ہے ۔ واضح رہے کہ الیکشن بل 2017منظور ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف دوبارہ مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہونے کے اہل ہو جائیں گے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے 3اکتوبر بروز منگل کو پارٹی کی جنرل کو نسل کا اجلاس طلب کر لیا ہوا ہے