لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)شریف خاندان کو قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تکمیل کیلئے نیب کی 2 رکنی ٹیم جاتی امراء پہنچ گئی۔ذرائع کے مطابق ،نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پولیس نفری کے ہمراہ نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو احتساب عدالت کی طرف سے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے رائے ونڈ گئے۔رائے ونڈ سیکیورٹی اہلکاروں نے ٹیم کو وزیٹر روم تک ہی محدود رکھا اور اصرار کے باوجود نواز شریف سے ملنے نہیں دیا گیا۔سیکیورٹی اہلکاروں نے نیب ٹیم کو بتایا کہ نواز شریف سمیت اہلخانہ کا کوئی بھی
فرد اس وقت گھر پر موجود نہیں۔نیب حکام سیکیورٹی اہلکاروں سے لندن میں مقیم شریف خاندان کے اراکین کی پاکستان واپسی سے متعلق انکوائری کرتے رہے لیکن انہیں مناسب جواب نہ مل سکا۔نوازشریف کے سیکرٹری قمر زمان نے نیب حکام سے حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے نوٹسز وصول کئے اور ٹیم کو یقین دہانی کرائی کہ 2نومبر کو احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق آگاہ کردیا جائے گا،نوٹسز وصول کروانے کے بعد نیب ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔اس سے قبل لندن ہائی کمیشن کے ذریعے بھی شریف فیملی کے اراکین کو 2اکتوبر کی پیشی کے حوالے سے سمن کی تکمیل کروائی جاچکی ہے۔