اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے متعلق کافی عرصہ سے اطلاعات مل رہی تھی، اسلام آباد پولیس کی جانب سے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہو رہا ہے، ایک نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے کئی اقسام کا نشہ بھی برآمد کرلیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان سے چرس، آئس ،نشہ آور گولیاں اور
ہیروئن برآمد کر لی ہے۔ ان منشیات فروشوں میں عدیل ارشد، سہیل اظہر، محمد سانول، عظمت اللہ اور فاروق مسیح نامی شخص شامل ہیں، یہ منشیات فروش مختلف یونیورسٹیوں کے 119 طلبہ کو یہ نشہ آور اشیاء فروخت کرتے تھے۔ ان ملزمان کے خلاف تھانہ شالیمار میں مقدمات درج کرکے اس بات کی تفتیش شروع کردی گئی ہے کہ وہ یہ منشیات کہاں سے حاصل کرتے تھے۔ پولیس ذرائع کا کہناہے کہ ملزمان سے تفتیش کے بعد مزید چھاپے مارے جائیں گے جس کے نتیجے میں مزید منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جائے گا۔