اسلا م آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے پالیسیوں پر اختلاف کی وجہ سے عبدالستار خلیل نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا، تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکن اور ضلع پشاور کے سابق صدر عبدالستار خلیل نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں۔ عبدالستار خلیل نے پشاور پریس کلب میں تحریک انصاف کے وزیر اطلاعات شاہ فرمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ عبدالستار خلیل نے کہا کہ انہوں نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے غیرآئینی فیصلوں کی وجہ سے پارٹی
چھوڑی ہے، انہوں نے کہا کہ امیر مقام کو غیرآئینی طور پر پارٹی کا صوبائی صدر بنایا گیا ہے امیر مقام پرانے کارکنوں کو دیوار سے لگا رہے ہیں۔ عبدالستار خلیل نے کہا کہ ان کے اور کئی ساتھی مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ اس دوران شاہ فرمان نے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے کچھ سیاسی جماعتیں سیاست کر رہی ہیں۔ شاہ فرمان نے این اے فور کے بارے میں کہا کہ انہوں نے وہاں کسی سیاسی سرگرمی میں بالکل حصہ نہیں لیا انہوں نے مزید کہا کہ اس حلقے میں بجلی نہیں تھی مگر اب وہاں ہر جگہ ٹرانسفارمر ہی نظر آتے ہیں۔