لاہور(آئی این پی) الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے بائیو میٹرک ڈیٹا سے متعلق نادرا کو خط ارسال کر دیا‘ نادرا کو 2018 کے انتخابات سے قبل تمام ووٹرز کا بائیومیٹرک ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نادرا کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 17 ستمبر کو این اے 120 لاہور میں بائیو میٹرک ووٹنگ کا تجربہ کیا، اس تجربے کے دوران نادرا نے 29 ہزار671 افراد کا بائیومیٹرک ڈیٹا فراہم
نہیں کیا، نادرا کے مطابق این اے 120 کے 27 ہزار سے زائد ووٹرز نے بائیومیٹرک مشینوں سے قبل شناختی کارڈ حاصل کیا، 2200 سے زائد ووٹرز نائیکوپ رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا بائیومیٹرک ڈیٹا دستیاب نہیں۔ نادرا ایسے ووٹرز کی تفصیلات دے جن کا بائیومیٹرک ڈیٹا موجود نہیں۔ الیکشن کمیشن نے نادرا کو 2018 کے انتخابات سے قبل تمام ووٹرز کا بائیومیٹرک ڈیٹا اکٹھا کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔