پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ایک ہزار کرپٹ خاندانوں نے پاکستان کی اکیس کروڑ آبادی کو یرغمال بنا کررکھا ہوا ہے، ستر سال پاکستان پر کرپٹ مافیا مسلط ہے، شرم کا مقام ہے کہ ہمارے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران مہنگے ترین ہوٹل میں قیام کیا، حکمران قومی دولت کو ذاتی مال سمجھ کر استعمال کررہے ہیں۔
پاکستان کے عوام بجلی، گیس، پینے کے صاف، صحت اور تعلیم کی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں، بجلی کی بے تحاشا لوڈ شیڈنگ کے باجود فی یونٹ قیمت میں اضافہ ظلم ہے، بجلی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے،سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہیں، تمام سیاسی جماعتیں موروثی سیاست کررہی ہیں اور کرپشن میں ملوث ہیں،نوجوان آگے بڑھیں اور موروثی سیاستدانوں کو مسترد کردیں ،جماعت اسلامی نوجوانوں کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچائے گی، کرک کی گیس رائلٹی شناختی کارڈ کی بنیاد پر تقسیم کی جائے ، ترقیاتی کاموں کے لئے حکومت فنڈز مختص کرے، گیس رائلٹی کرک کے عوام کا حق ہے، پاکستان قرآن و سنت اور خلافت راشدہ کے نظام کے لئے حاصل کیا گیا تھا،جماعت اسلامی ملک میں خلافت راشدہ کے نفاذ کے قیام کے لئے کوشاں ہے،پاکستان کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے، اقتدار حوالے کیا جائے تو پانچ سال میں پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنائیں گے۔بروز بدھ وہ میٹھا خیل کرک میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ شمولیتی جلسہ سے جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر عبدالغفار ، جماعت اسلامی کرک کے امیر مولانا تسلیم اقبال، جنرل سیکرٹری ظہور خٹک، مولانا محبوب جنان، کرنل(ر)محمد خان، محمد اعجاز خٹک اور دیگر خطاب کیا۔
مشتاق احمد خان نے شمولیتی جلسہ میں جے آئی یوتھ ضلع کرک کے نومنتخب صدر گلزیب اور جنرل سیکرٹری امجد علی سے حلف لیا۔مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ ملک میں ایسے بڑے چور ہیں جو جہازوں ، ریل انجنوں ، جنگلات اور معدنیات کو ہضم کرلیتے ہیں ۔ پی آئی اے کا پورا جہاز غائب ہوگیا لیکن حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات نہیں کیں۔ پی آئی کے جہاز کی گمشدگی کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں۔ حقیقی تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
عوام ووٹ کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے چوروں، لٹیروں اور کرپٹ اشرافیہ کو مسترد کردیں۔کرپشن میں ملوث افراد طاقتور ہوں یا کمزور سب کا یکساں احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا میں مسلمانوں کا اجتماعی قتل عام ہورہا ہے لیکن امت مسلمہ پر قبرستان جیسی خاموشی طاری ہے۔ عرب حکمرانوں نے امریکی طوفان متاثرین کے لئے ستائیس ملین ڈالر امداد دی لیکن برمی حکومت کے مظالم کے شکار مسلمانوں کے لئے مسلم حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ گیس رائلٹی سے کرک کے عوام کا بنیادی حق ہے،
اسے ترقیاتی کاموں میں استعمال کرنے کی بجائے شناختی کارڈ کی بنیاد پر کرک کی مقامی آبادی میں تقسیم کرنا چاہئے۔ حکومت صوبے کے باقی اضلاع میں ترقیاتی کام خزانے سے کروارہی ہے تو کرک کے عوام اس سے کیوں محروم ہیں۔ حکومت میں بھی ترقیاتی کاموں کے لئے قومی خزانے سے فنڈز مختص کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے قرض لے کر پاکستان کے بچے بچے کو مقروض بنادیا ہے۔موجودہ ملک نظام چوروں اور سٹیٹس کو کا ہے۔ ہمارا مقابلہ امریکہ کے یاروں اور امت کے غداروں سے ہے۔ نوجوان اس نظام بد کے خلاف جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔