اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )جمشید دستی نے کالج میں داخلہ لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ممبر قومی اسمبلی اور عام راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے ملتان کے النور لا کالج میں ایل ایل بی میں داخلہ لے لیا ہے اور اب وہ قانون کے باقاعدہ طالب علم بن گئے ہیں۔ لا کالج میں داخلہ لینے پر جمشید دستی کا کہنا تھا کہ وہ باقاعدگی سے کلاسز اٹینڈ کرینگے اور لا گریجویٹ کے طور پر کالج سے فارغ التحصیل ہونا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ جمشید دستی پاکستانی سیاست میں اپنے دبنگ بیانات اور حرکات کی وجہ سے مشہور ہیں، جمشید دستی ابھی تک
غیر شادی شدہ ہیں جب کہ انہوں نے عام انتخابات 2018میں فتح کے بعد شادی کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں شراب کی بوتلوں سے متعلق احتجاج اور شکایت کرنے پر شہرت حاصل کرنے والے جمشید دستی گزشتہ دنوں متنازعہ تقریر کیس میں گرفتار ہوئے اور ان پر سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں مقدمہ بھی چلا جس میں وہ ضمانت پر رہا ہوئے، دوران گرفتاری جمشید دستی نے حکمران جماعت ن لیگ پر پولیس کے ذریعہ تشدد اور جیل کی کوٹھڑی میں سانپ اور بچھو چھوڑے جانے کے بھی الزامات لگائے تھے۔