کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے نجی اسکول کی فیسوں میں پانچ فیصد سے زائد اضافے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں غیر قانونی اضافے پر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستیں فاؤنڈیشن پبلک اسکول اورہیڈ اسٹارٹ اسکول کی انتظامیہ کے خلاف والدین کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ ان اسکولوں میں زیر تعلیم طلبا کے والدین کا کہنا تھا کہ سرکاری نوٹیفیکیشن کے باوجود
من مانا اضافہ کیا جارہا ہے۔والدین نے درخواست میں موقف پیش کرتے ہوئے کہا سندھ حکومت نے اسکولوں کی فیسوں میں سالانہ پانچ فیصد سے زائد اضافے کو غیرقانونی قرار دیا ہے، مگراس کے باوجود اسکول انتظامیہ نے فیسوں میں 10سے12فیصد تک غیرقانونی اضافہ کیا، جس پر عدالت نے محکمہ تعلیم ، اسکول انتظامیہ اور دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو فیسوں میں اضافے سے روک دیا ہے ۔