لاہور ( این این آئی) محکمہ داخلہ پنجاب نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120میں ضمنی انتخاب کے دوران اسلحہ کی نمائش اور ہمراہ رکھنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پرامن الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے لاہور میں دفعہ 144کے تحت 15، 16اور 17ستمبر کو ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور ہمراہ رکھنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ا
ور اس پابندی کا اطلاق لائسنس شدہ اسلحہ پر بھی ہو گا ۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کو فوراً گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا ۔ اس کے ساتھ الیکشن کی جیت پر ریلی نکالنے یا اپنے الیکشن دفاتر پر اکٹھا ہونے اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا ۔