اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ پر توہین رسالت کا پیغام بھیجنے پر ایک شخص کو سزائے موت سنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ پر توہین رسالت پر مبنی نظم مسلمان دوست کو بھیجنے پر مسیحی شخص کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ ندیم جیمز نامی
مسیحی شخص نے واٹس ایپ پر اپنے مسلمان دوست کو ایک نظم بھیجی جس میں مبینہ طور پر اسلام کی توہین کی گئی تھی جسے گزشتہ سال اس کے مسلمان دوست یاسر بشیر کی شکایت پر پولیس نے گرفتار کر لیا تھا ۔شکایت میں یاسر بشیر نے موقف اختیار کیا تھا کہ ندیم جیمز نے اٹس ایپ پر ایک نظم بھیجی ہے جس میں مبینہ طور پر رسول پاک ﷺ اور دیگر مذہبی شخصیات کی شان میں گستاخی کی گئی تھی۔ندیم جیمز کے وکیل انجم شکیل کا اپنے موکل کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد موقف بھی سامنے آگیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میرے موکل اور اس کے مسلم دوست کے درمیان ایک مسلمان لڑکی کو لے کر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد یاسر نے ندیم کے خلاف یہ سازش رچی۔ انجم شکیل ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ چند مسلم علما کی جانب سے ندیم جیمز اور اس کے اہلخانہ کو دھمکیاں بھی موصول ہوئیں جس کے بعد اس کا کیس عدالت کے بجائے جیل میں کیا گیا ہے ۔