لاہور( این این آئی)پاکستان نے ایل این جی کی خریداری کے لیے متبادل ملک ڈھونڈ لیے جس پر وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے کام بھی شروع کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متبادل ملکوں کی تلاش قطر پر ممکنہ پابندیوں کے خدشے کے پیش نظر کی گئی۔ پاکستانی حکام ایل این جی
کی خریداری کے حوالے سے جلد سوئٹزرلینڈ اور ملائیشیا کا دورہ کریں گے ۔ دریں اثناء چند روز قبل قطری کمپنی نے کراچی تا دوحابحری سروس شروع کرنیکا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق،4 عرب ممالک کی جانب سے قطر پر سمندری، زمینی اور فضائی پابندیاں عائد کرنے کے باعث قطری حکومت نے دیگر ایشیائی ممالک سے تجارتی تعلقات بہتر بنانے شروع کردیے جن میں پاکستان سرفہرست ہے۔سرکاری قطری کمپنی میلاہا نے رواں ہفتے سے کراچی تا دوحا تیز رفتار براہ راست بحری سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔پہلا بحری جہاز قطر کے حماد پورٹ سے چار روز کا سفر طے کرنے کے بعد 11 ستمبر پیر کے روز کراچی پہنچے گا۔ میلاہا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم تاجروں، برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے قطر اور ایشیا کی اہم مارکیٹوں کے درمیان کاروبار کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔اس سے پہلے کراچی سے شپمنٹس دبئی جاتی تھیں تاہم اب براہ راست دوحا جائیں گی۔قطر پاکستان سے کھانے پینے کی اشیا خریدے گا جبکہ پیٹروکیمیکلز مصنوعات فروخت کرے گا۔