اسلام آباد(مانیـٹرنگ ڈیسک)10سال بعد بھی انصاف کے منتظر ہیں، سہولت کاروں کو سزا ہوئی ، قاتل آج بھی باہر بیٹھا ہے، پرویز مشرف کو قانون کی گرفت میں نہ لایا گیا تو انصاف نہ ہونا تصور کیا جائے گا۔ آصفہ بھٹو کا بینظیر قتل کیس فیصلے پر ردعمل، سابق صدر پرویز مشرف
کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بینظیر بھٹو شہید کی بیٹی آصفہ بھٹو نے بینظیر قتل کیس فیصلے پر اپنے ردعمل میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 10سال بعد بھی ہم انـصاف کے منتظر ہیں۔ بینـظیر قتل کیس کے فیصلے میں سہولت کاروں کو سزا ہوئی ہے اور قاتل آج بھی باہر بیٹھا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف سے جواب طلبی نہ کی گئی تو انصاف نہیں ہو گا۔ آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے جائے وقوعہ دھلوایا اور دروازے لاک کرادئیے تھے۔ دروازے بند ہونے سے بی بی محصور ہو گئی تھیں۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اصغر خان نے اڈیالہ جیل میں ساڑھے نو سال بعد بینظیر قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم اشفاق کو 17، 17سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے قتل کیس میں گرفتار 5ملزمان کو بری کرتے ہوئے سابق صدر اور (ر)جنرل پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا، جج نے حکم دیا کہ پرویز مشرف کی جائیداد کی قرقی کیجائے۔ عدالت نے قتل کیس میں گرفتار پانچ ملزمان رفاقت ، حسنین ، رشید احمد، شیر زمان اور اعتزاز شاہ کو بری کرنے کا حکم دیا۔