اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینٹ کے اجلاس میں سینٹ کو بریف کیا گیا ہے کہ کسی بھی موبائل فون کے کارڈ ز کے استعمال پر 12.7 فیصد انکم ٹیکس جبکہ 17 فیصد ایف ای ڈی لاگو ہوتی ہے۔ موبائل کارڈ ڈالنے پر استعمال کے وقت 19.5 فیصد سیلز ٹیکس وصول کئے جانے کے قابل ہوتا ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر ستارہ ایاز، سینیٹر تاج حیدر اور سینیٹر روبینہ خالد کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے بتایا
کہ 100 روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر 25.62 روپے ٹیکس وصول ہوتا ہے، انکم ٹیکس ایڈوانس پورے ملک میں لاگو ہے اور ایکسائز ڈیوٹی ان علاقوں میں لاگو ہے جہاں صوبائی سیلز ٹیکس وصول نہیں کیا جاتا ہے، ایڈوانس انکم ٹیکس کارڈ لوڈ کرتے وقت وصول کیا جاتا ہے جو موبائل کمپنیاں 7 روز کے اندر ادا کرتی ہیں جبکہ موبائل کمپنیاں ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی گوشواروں کی صورت میں ماہانہ بنیاد پر جمع کراتی ہے۔