اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جسٹس فرخ عرفان کاحلقہ این اے 120میں مسلم لیگ ن کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت سے انکار، لاہور ہائیکورٹ کا درخواست کی سماعت کرنے والاتین رکنی بنچ ٹوٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 120میں پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر نے اپنے مدمقابل ن لیگ کی امیدوار اور سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا تھا جس کیخلاف جسٹس فرخ عرفان کی سربراہی میں جسٹس کاظم رضا شمسی اور جسٹس علی اکبر قریشی پر مشتمل تین رکنی بنچ تشکیل دیا گیاتا ہم جسٹس فرخ عرفان نے ذاتی وجوہات کی بناء پر کیس کی سماعت کرنے سے انکار کر دیاہے جس کے باعث بنچ ٹوٹ گیا۔نئے بنچ کیلئے فائل رجسٹرار آفس کو بھجوا دی گئی ہے۔واضح رہے کہ فیصل میر نے بیگم کلثوم نواز کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دی جانیوالی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے خود کو نواز شریف کی زیر کفالت ظاہر کیا ہے اور اس بنیاد پر اپنے اـثاثے چھپائے ہیں جبکہ ن لیگ کی امیدوار کے خلاف سندھ میں بغاوت کا مقدمہ درج ہے جس میں وہ مفرور ہیں لہٰذا حقائق چھپانے پر ان کو نا اہل قرار دیا جائے۔