لاہور (این این آئی ) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ ایجر ٹن روڈ پر (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا ، ایک دوسرے کی قیادت کیخلاف شدید نعرے بازی کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اوردونوں طرف سے لاتوں ، گھونسوں کی بارش کر دی گئی،، تحریک انصاف کی این اے 120سے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے (ن) لیگ کے کارکنوں پر خواتین پر حملہ کرنے اور انہیں غلیظ گالیاں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کر ادی
۔پی ٹی آئی کی طرف سے دی جانے والی درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ انتخابی سر گرمیوں کے دوران لیگی کارکنوں نے پی ٹی آئی کی خواتین کو ہراساں کیا اور گھیرے میں لے کر گالیاں دی اور کارکنوں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی۔ درخواست میں لیگی کارکن ارشد خان اور ان کے نامعلوم سا تھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا کہا گیا ہے ۔ یاسمین راشد نے حماد اظہر اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کے گلو بٹ بد معاشی کے علاوہ کوئی کام نہیں کرتے ۔ (ن) لیگ کے کارکنوں نے ہماری خواتین کو دھکے دیئے اور انہیں گالیاں دیں ۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ ہماری انتخابی مہم کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے لیکن ہم ان سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے کہتی ہوں کہ اس کا نوٹس لیا جائے ۔ اگر کوئی غیر معمولی حا دثہ پیش آگیا تو اس کے زمہ دار آپ ہوں گے ۔ تحریک انصاف نے(ن) لیگ کے کارکنوں پر خواتین پر حملہ کرنے اور انہیں غلیظ گالیاں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کر ادی