اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ضیا کے صدر اعجاز الحق نے فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق فوجی آمروں کی بجائے اپنے والد کے قاتلوں کے خلاف بولنے کی ہمت دکھائیں۔ اعجاز الحق نے کہا کہ ن لیگ کے اتحادی ضرور ہیں مگر اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اعجاز الحق نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی سوئس بینکوں میں پڑی رقم جو کہ اربوں میں ہے واپس لانے کے لیے حکم جاری کرے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ
اداروں میں ٹکراؤکا کوئی امکان موجود نہیں، انہوں نے مزید کہا کہ مارشل لاء کی مخالفت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ضیا زیادہ سے زیادہ حلقوں میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی، اعجاز الحق نے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں چین نے پاکستان کو اربوں کے قرضے دیے جو واپس کرنے ہوں گے لیکن سی پیک منصوبہ مکمل ہونے پر لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا جس سے ہمارے ملک میں خوشحالی آئے گی۔