لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف سے ’’سر ‘‘کا خطاب واپس لینے کے لئے دائر درخواست پراٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25اگست تک جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مامون الرشید شیخ نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزاربیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری نے موقف اپنایا کہ پاکستان کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پر ملکہ برطانیہ نے نواز شریف کو ’’سر ‘‘کا خطاب دیا،
نواز شریف نے ’’سر ‘‘کا خطاب وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر وصول کیا جو کہ آئین کے آرٹیکل دو اے اور دو سو انچاس کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق نواز شریف کی جانب سے ملکہ برطانیہ سے ’’سر ‘‘کا خطاب حاصل کرنا ملکی مفاد کی خلاف ورزی اور دور غلامی کی یاد ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ نواز شریف کو ’’سر ‘‘کا خطاب ملکہ برطانیہ کو واپس کرنے کا حکم دیا جائے