لاہور ( این این آئی) سابق وزیر اعظم نوازشریف اور وزراء کے علاوہ تمام گاڑیوں کو راوی پل سے پیچھے روکنے کی ہدایت کی گئی ۔ انتظامیہ کے مطابق گاڑیاں راوی پل سے پیچھے روکنے کا فیصلہ شدید رش کی وجہ سے کیا گیا ،کارکنان اوررہنماؤں کو اپنی گاڑیاں شاہدرہ میں پارک کر کے راوی پل سے داتا دربار تک پیدل جانے کی ہدایت کی گئی۔دریں اثناء صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان پولیس افسران کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے ۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے شاہدرہ پہنچنے سے قبل راناثنا اللہ خان نے سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس اور دیگر افسران کے ہمراہ دورہ کیا اور اسٹیج پر جا کر ہر طرف سے سکیورٹی کا بغور جائزہ لیا ۔ وزیر قانون اور پولیس افسران نے داتا دربار کے باہر بھی سکیورٹی انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر تعینات متعلقہ افسران کو سکیورٹی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے بھی داتا دربار سمیت مختلف مقامات کا دورہ کر کے افسران سے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ۔