لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) این اے 120 کے ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا وقت ختم ہوگیا، تحریک انصاف کی ڈاکڑ یاسمین راشد اور عوامی تحریک کے اشتیاق چودھری سمیت 49 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے لیکن ن لیگ تا حال امیدوار فائنل نہ کرسکی۔ لاہور کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن کے شیڈول پر عمل درآمد جاری ہے۔ این اے 120 میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا،
10 سے 12 اگست تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرواسکیں گے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں تجرباتی بنیادوں پر الیکٹرانک ووٹنگ اور بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکٹرانک ووٹنگ اور بائیو میٹرک مشینیں این اے 120 لاہور اور پی پی 4 گوجر خان کے ضمنی انتخابات میں استعمال ہوں گی۔ الیکشن کمیشن کے پاس 100 بائیو میٹرک اور 150 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ہیں۔