پشاور(این این آئی)وزیراعلی پرویزخٹک کے ہارس ٹریڈنگ سے متعلق بیان پر ایم پی اے ضیا اللہ آفریدی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی۔ تحریک میں اعلی عدلیہ اور الیکشن کمیشن سے معاملے کا نوٹس لینے اور وزیراعلی کو نااہل قرار دینے کے مطالبات کیے گئے ہیں۔تحریک التوا وزیر اعلی پرویز خٹک پر ہارس ٹریڈنگ کے اعتراف کا الزام لگایا گیا ہے اورموقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلی پرویز خٹک نے پچہتر اراکین اسمبلی کی حمایت کا دعوی کیا ہے۔
جبکہ صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کی تعداد اڑسٹھ ہے۔ تحریک میں مبینہ طورپرخریدے گئے ارکان کے نام اور قیمت فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ جن ارکان کی خریدوفروخت ہوئی ہے ان کے نام اور قیمت کیا ہے۔ عمران خان وضاحت کریں کہ ویزخٹک کی خرید وفروخت کی حمایت کرتے ہیں؟ ۔ تحریک التوا میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلی پرویزخٹک کو اس اقدام پر نااہل کیا جائے ۔