مری (آئی این پی) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان غلط فہمیاں اور دوریاں ختم ہو رہی ہیں اور مری گورنمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی موجودگی میں سینئر رہنماؤں کے اجلاس میں چوہدری نثار علی خان کو خصوصی اہمیت دی گئی اور انہوں نے نواز شریف کے لاہور جانے کے پروگرام سمیت دیگر اہم امور پر جو تجاویز دیں انہیں سراہا گیا جبکہ ایک مرحلے پر جب مشاورتی اجلاس کے خاتمے پر تمام شرکاء کو کھانا کھلایا گیا تو نواز شریف نے چوہدری نثار علی خان کو خصوصی طور پر بلا کر اپنے ساتھ بٹھایا۔
آئی این پی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سینئر رہنماؤں چوہدری نثار علی خان، اسحاق ڈار،خواجہ آصف، احسن اقبال، شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر مشاہد اللہ خان سمیت دیگر رہنماؤں کو مشاورت کیلئے بلایا گیا تھا، اجلاس کے دوران چوہدری نثار علی خان نے موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے جو تجاویز دیں انہیں اہمیت دی گئی جبکہ ایک مرحلے پر نواز شریف نے خصوصی طور پر چوہدری نثار علی خان کو اپنے ساتھ والی نشست پر بٹھایا اور دونوں رہنماؤں نے کھانے کے دوران پر مختلف امور پر اہم بات چیت کی۔