اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی حلف اٹھانے کے بعد کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں مشاورت کیلئے صبح سویرے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے مری پہنچ گئے ہیں۔ ملاقات میں شاہد خاقان عباسی کابینہ میں شامل کرنے کیلئے نواز شریف سے ناموں کی منظوری لیں گے۔ اس سے قبل نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ پہلے مرحلے میں شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں 10وزرا حلف اٹھائیں گے جن میں خواجہ آصف،
اسحاق ڈار، عابد شیر علی، سائرہ افضل تارڑ،ماروی میمن ، سردار یوسف، خواجہ سعد رفیق، خرم دستگیر، عبدالقادر بلوچ شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں حلف اٹھانے والے 10وزرا میں چوہدری نـثار کا نام شامل نہیں ہو گا۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار ابھی تک اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور پریس کانفرنس میں نواز شریف کی نا اہلی کے بعد وزارت نہ لینے کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق پہلے مرحلے میں وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے وزرا آج حلف اٹھا لیں گے۔