اسلام آباد (آئی این پی) سابق وزیر داخلہ و سینئر مسلم لیگی رہنما چوہدری نثار علی خان نے کابینہ تحلیل ہونے کے بعد اپنی تمام سرکاری گاڑیاں، سیکیورٹی گارڈز اور پروٹوکول سٹاف کو واپس بھجوا دیا ہے۔ سابق وزیر داخلہ کے ڈائریکٹر ڈی آئی جی سیکیورٹی وقار چوہان، ایس پی محمد بن اشرف، ایس پی بلال سمیت دیگر پولیس اہلکاروں نے اسلام آباد پولیس میں رپورٹ پیش کر دی ہے اور پیر سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے
جبکہ سابق وزیر داخلہ کے ساتھ دیگر سرکاری افسران بھی پیر کو کیبنٹ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں اپنی جوائننگ دے دیں گے۔ واضح رہے کہ قانون کے تحت سابق وفاقی وزیر 15 دن تک سرکاری مراعات استعمال کرنے کا حق اور اختیار رکھتے ہیں اور ماضی میں کئی وزراء 6 ماہ سے ایک سال تک نا صرف سرکاری گاڑیاںاور گھر بھی ان کے قبضے میں رہے۔ اس کے برعکس چوہدری نثار علی خان نے ماضی کی طرح اس بار بھی کابینہ سے سبکدوشی کے فوری بعد تمام سرکاری مراعات واپس کر کے اپنی روایت پر عمل کیا ہے۔