پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت اور قومی وطن پارٹی نے اپنی راہیں دوبارہ جدا کرلی۔ تحریک انصاف نے قومی وطن پارٹی سے سیاسی علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ۔صوبائی حکومت کے ترجمان شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے قومی وطن پارٹی سے سیاسی علیحدگی کافیصلہ کرلیا ہے پاناما کے ایشو پر قومی وطن پارٹی ہمارے ساتھ نہیں تھی،سپریم کورٹ کی نگرانی نہ ہو تو ادارے ناکام ہیں،ہم اکثریت میں رہیں گے یانہیں ہم نے اس بارے میں نہیں سوچا۔
قومی وطن پارٹی سے راستے جداہیں اب وزیراعلیٰ ایکشن لیں گے۔صرف اقتدار کی خاطر اکٹھے نہیں رہ سکتے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے درمیان بھرتیوں کے معاملے پر اختلافات چلے آرہے تھے ، جس سے آفتاب خان شیرپاو اور وزیراعلی پرویزخٹک دونوں کو آگاہ کیا گیا تھا ، واضح رہے کہ اس سے قبل بھی قومی وطن پارٹی کو حکومت سے کرپشن کے معاملے پر نکالا گیا تھا۔