اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو کل پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جلسہ رات گیارہ بجے تک ختم کرنے کا پابند کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ایکسپریس وے اور مری روڈ پر ٹریفک کا بہاؤ قائم رکھا جائے گا اور ٹریفک کی روانی اور سیکیورٹی کیلئے پولیس کو بھی ہدایت کردی گئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز نواز شریف کی نااہلی کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اتوار کو پریڈ گراونڈ میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا اس دن کو یوم تشکر کے طور پر منایا جائے گا کیونکہ اپنی جہد و جہد میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی وہ اتوار کو ہر حال میں جلسہ گاہ پہنچیں۔ کوئی بھی شخص جو 21 سال میں کسی بھی وقت ان کے ساتھ تھا وہ پریڈ گراونڈ آئے۔