اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ لیگل ٹیم کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف پاناما کیس کا فیصلہ وزیر اعظم ہاؤس میں سنیں گے۔
یاد رہے سپریم کورٹ کی جانب جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ جمعہ کو صبح ساڑھے 11 بجے پاناما کیس کا فیصلہ سنائے گا۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز عالمی طاقتوں کی سازش ہے جس میں دیگر عالمی رہنماؤں سمیت نواز شریف کو نشانہ بنایا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں پاناما پیپرز کو عالمی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون‘ روسی صدر پیوٹن اور پاکستان کے وزیراعظم کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا کوئی ادارہ اس سازش کا حصہ نہیں لیکن عمران خان ذاتی اقتدار کے لیے سازش کا حصہ بنے۔ بہت سے سیاسی اور غیر سیاسی طاقتور لوگ نفرت انتقام اور تعصب میں اس سازش کا ایندھن بنے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پانامہ کیس کے دوران انصاف ہوتا نظربھی آنا چاہیے۔ جے آئی ٹی کا رویہ جانبدارانہ اور یکطرفہ رہا۔ ہمارے اعتراضات اور تحفظات کو اہمیت نہیں دی گئی۔خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ آئین میں دفعہ62/63 کی حیثیت مرحومہ58-2- بی کےمساوی ہے-63/62 کی دفعات باقی رہیں تو آئندہ پارلیمینٹیرینز کےعلاوہ باقی طبقات کو بھی اس کاحصہ بننا ہوگا۔