کوئٹہ (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی ترجمان نے عظیم کاکڑ نامی شخص کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن سے پہلے تمام مرکزی ، صوبائی عہدے تحلیل کردئیے تھے جس کا تحریری ثبوت موجودہے موصوف اس وقت پارٹی کے کسی بھی عہدے پر نہیں ہیں اور ان کی رکنیت ختم کرنے کا پورا اختیار صوبائی ڈسپلنری کمیٹی اور صوبائی صدر کو ہے۔
عظیم کاکڑ نامی شخص پارٹی کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے اوراین اے 260کے ضمنی انتخاب میں پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے جس پر صوبائی ڈسپلنری کمیٹی تحقیقات کررہی تھی اور اس نے سفارشات صوبائی صدر کو بھجوائی تھیں جس پر ان کی بنیادی رکنیت مرکزی قیادت کو اعتماد میں لے کر ختم کی گئی آج کے بعد پارٹی کے کسی آئینی عہدے یا کسی پروگرام سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہےاگر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کا نام استعمال کیا تو ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔