اسلام آباد (آن لائن)رکن قومی اسمبلی اور عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ عیدقربان کے بعد سرائیکی صوبہ کے قیام کیلئے تحریک چلانے کا آغاز کریں گے،رات کے اندھیرے میں جب ایک جیل سے دوسری جیل منتقل کیا جارہا تھا تو اس وقت جیل ساتھیوں سمیت سب کو یقین تھا کہ مجھے راستے میں پولیس مقابلہ میں مروا دیا جائے گا،تب میرے آنسو چھلک پڑے۔
رکن قومی اسمبلی نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔جمشید دستی کا کہنا تھا کہ بچپن سے لیکر اب تک عیدالفطر کے دن ماں نے مجھے ہمیشہ صبح نماز عید سے قبل چھوہارے اور سویاں دی ہیں،تاہم جیل میں عید کے روز چھوہارے تو دور کی بات ماں کی جھلک دیکھنے کو بھی ترستا رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور کو صوبہ نہیں مانتے سرائیکی ایک پہچان کا نام ہے اور الگ صوبہ کے قیام کے لئے نہ ختم ہونے والی تحریک کا آغاز بہت جلد شروع کروں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقدمات سے نہیں ڈرتا،ابھی میٹرک کا طالبعلم ہی تھا کہ میرے خلاف قتل کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔