لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار حُر بخاری نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد سیاست میں نئی صف بندیاں شروع ہو جائیں گی ،پیپلز پارٹی سے دیرینہ وابستگی رکھنے والے حقیقی کارکن ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی کی قیادت میں
ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں اور آنے والے دنوں میں اس کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکزی سیکرٹریٹ وحدت روڈ پر ملاقات کیلئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار حُر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو موجودہ حالات میں کسی اور کیلئے گو، گو کرنے کیساتھ ساتھ پارٹی کے اندر بعض کرداروں پربھی نظر دوڑانی چاہیے اور یہاں بھی اسی نعرے کی اشد ضرورت ہے ۔ جب تک پارٹی کونقصان پہنچانے والوں کا کڑ ااحتساب نہیں کیا جاتا اس وقت تک اسے دوبارہ پائوں پر کھڑا نہیں کیا جا سکتا۔ سردار حُر بخاری نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد پاکستانی سیاست میں واضح تبدیلیاں رونما ہوں گی اور آئندہ عام انتخابات کیلئے نئی صف بندیاں بھی شروع ہو جائیں گی ۔ موجودہ حالات میںگہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی کی قیادت میں ملکی سیاست میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔