اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے اتحادی جماعت مسلم لیگ(ضیاء)کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے ملاقات کی اور ان سے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد کی صورتحال اور اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا، اعجاز الحق نے وزیراعظم کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔اس موقع پروزیراعظم نے کہا کہ میں استعفیٰ نہیں دوں گا نہ ہی قومی اسمبلی تحلیل کی جائے گی،حکومت کا محاذ آرائی کا کوئی ارادہ نہیں۔
پاناما کیس پر عدالت جو بھی فیصلہ دے گی اسے قبول کروں گا۔ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی۔ منگل کو وزیراعظم سے اتحادی جماعت مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے اہم ملاقات کی اس دوران اعجاز الحق نے کہا کہ وہ نواز شریف کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور مکمل طور پر ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کرنے والے ملک دشمنی کر رہے ہیں، انہوں نے وزیراعظم کو اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا