بیجنگ(آئی این پی)علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی توسیع ،تزئین وآرائش کا ٹھیکہ چینی کمپنی چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیوروکو2.6 بلین آر ایم بی میں دے دیا گیا ہے ، یہ اس چینی کمپنی کا کسی بھی بیرون ملک سب سے بڑا پراجیکٹ ہے ۔چین کے معروف روزنامہ چائنا ڈیلی کے مطابق پاکستان کے شہر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع اور تزئین وآرائش کا ٹھیکہ چین کی معروف کمپنی چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو کو دے دیا گیا ہے ۔
اس معاہدے کی کل مالیت کا تخمینہ 2.6بلین آر ایم بی لگایا گیا ہے ۔ اس پراجیکٹ کی اہمیت اس کمپنی کیلئے اس لئے بھی اہم ہے کہ اس کے بعد اسے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کے بڑے پراجیکٹ حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ واضح رہے کہ یہ کمپنی پہلے بھی پاکستان میں متعدد منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچا چکی ہے جس میں ارفیٰ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک ، سینٹارس ہوٹل اور کراچی لاہور ایکسپریس وے کا سکھر اور ملتان کا حصہ زیر تکمیل ہے ۔