لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف بزنس ٹائیکون ملک ریاض کو بڑی کامیابی مل گئی۔ بحریہ ٹاؤن کی درخواست پر سنگل بینچ کے فیصلے پر لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے عملدرآمد رکواتے ہوئے24 جولائی تک پنجاب حکومت سے تحریری وضاحت طلب کرلی ۔تفصیلات کے مطابق رنگ روڈکی تعمیر پر ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف بحریہ ٹاؤن کی انٹراکورٹ اپیل کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کی۔ بحریہ ٹاؤن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رنگ روڈ منصوبے کیلئے اراضی غیر قانونی طریقے سے ایکوائر کی جا رہی ہے جس سے بحریہ ٹاؤن میں
مقیم 300 خاندان متاثر ہوں گے ۔ مکانات خالی کرانے کا فیصلہ حقائق کے بر عکس ہے لہٰذا اسے منسوخ کیا جائے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سنگل بینچ کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا اور 24 جولائی تک پنجاب حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے رنگ روڈ کے منصوبے ایس ایل تھری کے خلاف حاصل کیا گیا حکم امتناع خارج کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو منصوبے کی زد میں آنے والے مکانات خالی کرانے کی اجازت دے دی تھی۔