اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پارٹی اجلاس میں شہبازشریف آبدیدہ ہو گئے ، پارٹی رہنماؤں کو فوج کے بارے میں اہم مشورہ دیدیا، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اس وقت آبدیدہ ہو گئے جب وہ اپنے بڑے بھائی میاں محمد نواز شریف سے محبت کا اظہار کر رہے تھے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف میرے بڑے بھائی اور میرے والد کی جگہ ہیں۔
ہم کو ان کی شفافیت پر اعتماد ہے۔ اس دوران محمد شہباز شریف نے پارٹی کے رہنماؤں کو عدلیہ اور فوج کے خلاف بیان سے باز رہنے کا مشورہ دیا، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاستی ادارے کے خلاف کوئی بات نہ کی جائے اور جو بات بھی کی جائے قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر کی جائے۔ اداروں سے محاذ آرائی اچھی نہیں، پارلیمانی اجلاس میں بیرسٹرظفراللہ، سینیٹر مشاہد اللہ اور کرن حیدر نے وزیراعظم نوازشریف سے اظہار یک جہتی کے لیے جذباتی شعر کہہ ڈالے۔ اس اجلاس میں پارلیمانی رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور جمہوریت کے استحکام کے لیے قرار داد بھی منظور کی گئی۔ یہ قراردادیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے پیش کیں۔ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔اٹارنی جنرل اشتر اوصاف اور بیرسٹرظفراللہ نے پارلیمانی رہنماؤں کو جے آئی ٹی رپورٹ پر بریفنگ بھی دی۔