راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے نالہ لئی میں طوفانی بارشوں کے بعد پانی کی سطح 18 فٹ تک پہنچ گئی۔ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوج کی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد شہر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
نالہ لئی میں پانی خطرے کے نشان سے بلند ہوگیا جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ڈھوک کالا خان میں نالے کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔نشیبی علاقوں میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوج کی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں۔ راولپنڈی شہر میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔واسا کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔یاد رہے کہ ملک میں جاری مون سون بارشوں نے مختلف شہروں میں تباہی مچا دی ہے۔ بارش کے باعث صوبہ پنجاب کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید کچھ وقت تک جاری رہے گا جس کے بعد سیلابی صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔