لاہور ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کسی بھی آئینی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا، وقت کا تقاضا ہے کہ نوازشریف ذاتی انا کی خاطر آئینی اداروں کو کمزور کرنے کی بجائے اُن کے فیصلوں کو تسلیم کریں،
جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ کے زیر غور ہے، اس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ عوام کو قابل قبول ہو گا۔ چودھری شجاعت حسین نے اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں موجود سنجیدہ سوچ رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کو اس وقت اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے اور ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے جاری مہم کو کامیاب بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ جے آئی ٹی کی سفارشات کو کسی طور متنازعہ نہیں سمجھتی فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے ہمیں فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے یکساں سوچ رکھنے والی سیاسی جماعتوں اور سیاسی اکابرین سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اس وقت کوئی جماعت بھی تنہا ملک کو مشکل حالات سے نہیں نکال سکتی، قومی سوچ رکھنے والی قوتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کسی بھی آئینی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا، وقت کا تقاضا ہے کہ نوازشریف ذاتی انا کی خاطر آئینی اداروں کو کمزور کرنے کی بجائے اُن کے فیصلوں کو تسلیم کریں