اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزرا نے جے آئی ٹی نہیں اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ نہ ماننے کی دھمکی دی ہے،حالات 1997ء کے سپریم کورٹ حملے کی طرف جارہے ہیں۔اسلام آباد میں وفاقی وزرا کی گزشتہ روز کی نیوز کانفرنس اور آج کی تقاریر پر عمران خان نے جوابی وار کیا اور سپریم کورٹ سے وزیراعظم کا استعفا لینے اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی اپیل کردی۔
ان کا کہناتھاکہ شریف فیملی جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد پوچھتی ہے ہمارا جرم کیا ہے؟ان پر ٹیکس چوری ،منی لانڈرنگ سمیت 4بڑے جرائم ہیں،انہیں جیل جانا چاہیے،حکمران پاکستان کے عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کےمعتبرچیف جسٹس نے نوازشریف کا نام گاڈ فادر رکھا ہے، سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کی تیاریاں ہورہی ہیں، میں عوام اور وکلاء سے اعلیٰ عدلیہ کو بچانے کے لئے تیار رہنے کی اپیل کررہا ہوں ۔