کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں لیژرلیگ کے نمائشی میچ کے دوران رونالڈینیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک میں جہاں سیکیورٹی کی بہتری کے بعد مزید بین الاقوامی اسٹارز کو دورے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے وہاں پر ‘ایک بہترین موقع فراہم کرنا چاہتے تھے، پاکستانی محبت کرنے والے اور اچھے لوگ ہیں۔
پاکستان میں لیژر لیگ میں حصہ لینے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ‘رونالڈینیو اینڈ فرینڈز کا نام دیا گیا ہے جن میں مانچسٹریونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی رائن گگز، انگلینڈ کے سابق گول کیپر ڈیوڈ جیمز، ڈچ کھلاڑی جارج بوئٹنگ، فرانس کے سابق کھلاڑی رابرٹ پائرس اور نیکولس اینلکا اور پرتگال کے سابق اسٹار لوئس با مورٹے شامل ہیں۔کراچی میں کھیلے گئے میچ کو دیکھنے کے لیے مداحوں کی ایک بڑی تعداد میدان میں موجود تھی جو دور دور سے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی ایک جھلک کے لیے آگئے تھے۔خیال رہے کہ میچ میں رونالڈینیو7 کی ٹیم نے ریان گگز کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔رونالڈیینو کا کہنا تھا کہ وہ نوجوانوں کو فٹ بال کی جانب راغب کرنے کے لیے خیرسگالی کے دورے پر ہیں۔رونالڈینیو نے حال ہی میں بین الاقوامی فٹ بال سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا جبکہ وہ اپنے عروج میں ہسپانوی کلب بارسلونا سمیت چند بڑے کلبوں کی نمائندگی کرچکے ہیں۔37 سالہ رونالڈینیو2002 میں فٹ بال کی عالمی چمپیئن بننے والی برازیل کی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔مانچسٹریونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی رائن گگز نے 2014 میں بین الاقوامی فٹ بال کو خیرباد کہا تھا۔رائن گگز کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اس وقت خوش ہوگی جب نوجوان متاثر ہوں گے جو کہ میرا مقصد ہے۔لیژر لیگ کے منتظمین جو ورلڈ گروپ کا جزوی حصہ ہیں، پرامید ہیں کہ اس طرح کے میچوں سے ملک میں فٹ بال کو فروغ ملے گا اور دہشت گردی کے حوالے سے مشہور ملک میں سیکیورٹی کی بہتری کا پیغام بھی دنیا کو جائے گا۔