لاہور(آن لائن)پنجاب کی جیلوں میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر آئی جی جیل خانہ جات نے سیکورٹی جیل ساہیوال سمیت 3 حساس جیلوں کیلئے پنجاب حکومت سے رینجرز مانگ لی جبکہ جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم جاری کر د یا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خفیہ اداروں کی طرف سے حساس جیلوں کو سیکیورٹی تھریٹ جاری کرنے کے بعد آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے کسی بھی
تخریبی کارروائی سے بچنے کیلئے کوٹ لکھپت جیل لاہور، ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال اور ڈی جی خان جیل کے لئے پنجاب حکومت سے رینجرز کے دستے مانگ لئے ہیں۔ رینجرز کے دستے جیل کمانڈوز کیساتھ مل کر ڈیوٹی دیں گے۔جیل ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز تک رینجرز کے دستے ان جیلوں میں پہنچ جائیں گے۔ ہائی سیکیورٹی جیل ساہیوال میں اس وقت 4 سو کے قریب خطرناک قیدی ہیں جن میں سے 150 کے قریب دہشت گرد بھی قید ہیں۔