اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ہمارے خلاف کوئی ثبوت نہیں، جے آئی ٹی ہمارے خاندان کو معاملات الجھانے کیلئے سمن جاری کرتی رہی، اگر ثبوت ہیں تو کارروائی کریں جو عوام کا حق ہے اسے پورا کیا جائے۔ وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی ساڑھے پانچ گھنٹے
جے آئی ٹی پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو ۔ تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی میں چھٹی پیشی کے بعد وزیراعظم کے صـاحبزادے حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کے پاس ہمارے خلاف کوئی ثبوت نہیں، جے آئی ٹی معاملات کو الجھانے کیلئے شریف خاندان کے افراد کو سمن جاری کرتی رہی ہے۔ انہوں نے ڈیمانڈ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بیرون ملک اثاثوں سے نوازشریف کا دستاویزی ثبوت اگر موجود ہے تو اسے پبلک کیا جائے ۔ حسین نواز کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ثبوت نہیں تو 10جولائی کے بعدہمارے خلاف یہ معاملہ بند کیا جائے ۔ان کامزید کہنا تھا کہ مشرف دور میں ہمارے خلاف طیارہ سازش کیس بنایا گیا اور آج دیکھ لیں کہ مشرف کہاں ہے اور وہ طیارہ سازش کیس کا کیا بنا۔ ان لوگوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ انہیں بھی عدالتوں میں جواب دینا پڑ سکتا ہے ۔ وزیراعظم کے صاحبزادے نے اس موقع پر نہایت جذباتی انداز اختیار کئے رکھا۔