اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جمشید دستی نے صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کےدوران نواز شریف کی نشست کے سامنے آکر نعرے بازی نے انہیں اس حال تک پہنچا دیا، سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر کا نجی ٹی وی پروگرام میں انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے
کہ جمشید دستی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اور وہ جس عتاب کا شکار ہیں اس کی وجہ سے صدر کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران ان کی وزیراعظم نواز شریف کی نشست کے سامنے نعرے بازی ہے۔ حامد میر کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران صدر کے خطاب کے دوران جمشید دستی اپوزیشن کے احتجاج میں شامل تھے ، جمشید دستی اپنی نشست سے اٹھ کر نواز شریف کے پاس سے گزرے اور ’’گو نواز گو‘‘کا اونچی آواز میں نعرہ لگایا جبکہ وہ وزیراعظم نواز شریف کی نشست کے سامنے مسلسل صدر کے خطاب کے دوران نعرے بازی کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے بعد کچھ وزرا نے جمشیددستی کی اس حرکت کو نوٹ کر لیا تھا اور انہیں پیغام بھجوایا گیا کہ اپنا رویہ تبدیل کرلو ورنہ بھگتنے کیلئے تیار رہواور اس بات کو میں نے پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے لوگوں سے کنفرم کرایا ہے ۔ حامد میر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی طرف سے وارننگ ملنے کے باوجود جمشید دستی اپنے رویہ پر قائم رہے تو انہیں پھر اس طرح سے اپنے رویہ کی پاداش میں سزا بھگتنا پڑ رہی ہے۔